پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس سمال انڈسٹریز کے وفد کی کوئٹہ قونصلیٹ آمد اور کوئٹہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں
پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس سمال انڈسٹریز کے وفد کی کوئٹہ قونصلیٹ آمد اور کوئٹہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں قونصل جنرل علیرضا رجائی سے ملاقات۔
وفد نے سانحہ بندر عباس پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش سانحے پر عوام سمیت تاجر برادری کافی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ خداوند عالم مستقبل میں ایسے سانحات سے تمام امت مسلمہ کو محفوظ رکھے۔
وفد نے اپنے دورے ایران کے حوالے سے قونصل جنرل کو بریف کیا اور ایکسپو میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران ایکسپو 2025 کا انعقاد پوری دنیا کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایران کے اقتصادی اور تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ تمام تر اقتصادی پابندیوں کے باوجود بین الاقوامی سطح پر اتنے بڑے ایکسپو کا انعقاد ایران کی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایکسپو میں شرکت اور بی ٹو بی میٹنگوں سے دونوں ممالک کے تاجروں کو آپس میں مزید قریب آنے کا موقع مل سکتا ہے۔ وفد نے مزید بتایا کہ تہران ایکسپو میں شرکت کے علاوہ زاہدان، مشہد، نیشابور اور تہران کے چیمبر آف کامرس سے ملاقات کے علاوہ گورنر مشہد سے بھی تجارت کے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
قونصل جنرل علی رضا رجائی نے وفد کو خوش آمدید کہا اور تعزیت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی سہولت کے لیے ہم آن لائن میٹنگز کا انعقاد کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے لگ بھگ 30 کروڑ عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایکسپو اور میٹنگز کا انعقاد انتہائی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ سرحدات پر شرائط میں کمی اور مزید آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
وفد میں پاک-ایران چیمبر آف کامرس کے نائب صدر حاجی نعیم الرحمن نورزئی، سمال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر تاج محمد بڑیچ، سید عبدالخالق آغا، عمر اچکزئی، عطا اللہ مینگل، ڈاکٹر فرحت حسین، منظور احمد، سید عرفان آغا، حاجی شریف بنگلزئی اور حاجی اختر درانی شامل تھے۔